منگلورو:6/جنوری (ایس او نیوز) رشوت لینے کے دوران اینٹی کرائم برانچ آفیسران کے ذریعے رنگے ہاتھوںگرفتار ہوئیں زمین حصولیابی آفیسر گایتری این نایک صحت خرابی کی وجہ بیان کرتے ہوئے وینلاک اسپتال میں داخل ہوئی ہیں۔
کاسرگوڈ کے یوگیش کی طرف سے دائرکردہ شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے اے سی بی آفیسران بدھ کو شہر کے منی ودھان سبھا کے خصوصی زمین حصولیابی دفتر پر چھاپہ مار کر گایتری نایک اور معاون تکرپا کو گرفتار کیاتھا۔ زمین حصولیابی کے متعلق معاوضہ تقسیم کاری معاملے میں 25ہزارروپئے رشوت لیتے ہوئے گایتری نایک اور تکرپا رنگے ہاتھوں اے سی بی آفیسران کے جال میں پھنس گئے تھے۔ شام میں دونوں کی میڈیکل جانچ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی صحت جانچ کرنے کے بعد بالکل صحت مند ہونے کی رپورٹ دی تھی ، اس کے بعد جج نے دونوں کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔
اے سی بی آفیسران نے دونوں کو جیل بھیجنے تک صحت مند رہنے والی گایتری نایک اچانک سردرد، چکرانا اور سستی ہونے کی بات کہتے ہوئے اسپتال میں داخل ہونے کی درخواست کی۔ جس پر انہیں وینلاک اسپتال میں داخل کرنےکے بعد وارڈ میں رکھاگیا ہے۔ جیل کی ہوا کھانے سے بچنے کے لئے انہوں نےیہ ناٹک کھیلنےکی بات کہی جارہی ہے۔